بالی ووڈ اداکارہ اندرا کرشنن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم ’تیرے نام‘ کے سیٹ پر سلمان خان سے خوفزدہ ہوگئی تھیں۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں اداکارہ اندرا کرشنن نے 2003 میں ریلیز ہونے والی سپر ہٹ فلم ’تیرے نام‘ کے سیٹ سے جڑا دلچسپ واقعہ سنایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سلمان خان نے فلم کی شوٹنگ کے دوران میرے ساتھ مذاق کیا تھا جس سے میں خوفزدہ ہوگئی تھی۔
اندرا کرشنن نے کہا کہ مجھے ایک سین میں سلمان خان کو تھپڑ مارنا تھا لیکن انہوں نے مجھ سے مذاق میں کہا کہ ’اگر مجھے تھوڑا سا بھی لگا ناں اندرا تو دیکھنا میں کیا کرتا ہوں، میں ہنگامہ مچا دوں گا۔
اداکارہ نے کہا کہ سلمان کے یہ کہنے پر میرے ہاتھ لرز گئے تھے اور مجھے دباؤ سے باہر نکلنے میں کافی دیر لگی پھر معلوم ہوا کہ انہوں نے مذاق کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے شوٹنگ کے دوران کبھی ایسا لگا ہی نہیں کہ یہ سلمان خان ہیں کیونکہ ان کی بات ہی الگ ہے۔
واضح رہے کہ اندرا کرشنن نے ’تیرے نام‘ میں ’نرجارا (بھومیکا چاؤلہ) کی بڑی بہن ’ممتا‘ کا کردار نبھایا تھا جبکہ سلمان خان ’رادھے‘ کے کردار میں جلوہ گر تھے۔
فلم کی ہدایت کاری کے فرائض ستیش کوشک نے انجام دیے تھے جبکہ فلم میں روی کشن سمیت دیگر اداکار بھی شامل تھے۔
’تیرے نام‘ باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھی، فلم کی کہانی سلمان خان اور بھومیکا چاؤلہ کے گرد گھومتی ہے جس میں دکھایا گیا کہ رادھے، نرجارا سے پیار کرتے ہیں لیکن وہ ان سے محبت نہیں کرتی اور جب وہ ان سے محبت کرنے لگتی ہیں تو رادھے کو ولن تشدد کا نشانہ بناتے ہیں جس کے بعد وہ ذہنی مریض بن جاتے ہیں۔
سلمان خان نے مداحوں سے درخواست کی تھی کہ وہ فلم میں رادھے کے کردار کی پیروی نہ کریں۔