بھارتی فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کا الزام بے بنیاد ہے، پاکستانی ڈی جی ایم او -
The news is by your side.

Advertisement

بھارتی فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کا الزام بے بنیاد ہے، پاکستانی ڈی جی ایم او

راولپنڈی : بھارتی فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کا الزام بے بنیاد ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسے الزامات لگارہا ہے، پاکستانی ڈی جی ایم او نے واضح کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور بھارت کےڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن پررابطہ ہوا،ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کی سطح پر معمول کے ہفتہ وار رابطے کے دوران پاکستانی ڈی جی ایم او نے میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک فوج پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارتی فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کا الزام بے بنیاد ہے، پاکستان نے لائن آف کنٹرول پرسیزفائرکی کوئی خلاف ورزی نہیں کی نہ ہی پاکستانی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول عبور کی ہے۔

ڈی جی ایم او کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاس اپنے دعوے سے متعلق ٹھوس شواہد ہیں توسامنے لائے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسے الزامات لگارہا ہے۔

ڈی جی ایم او کا کہنا ہے بھارتی فوجی ایل اوسی پرشہری آبادی کو بلاجواز نشانہ بناتے ہیں، بھارت ایسی اشتعال انگیزیوں کو روکے، پاک فوج پیشہ ورانہ فورس ہے اور اپنی روایات قائم رکھے ہوئے ہیں، کسی بھی مہم جوئی کا مناسب وقت اور جگہ پر جواب دیا جائے گا۔


مزید پڑھیں : پاکستان اور بھارت کے عسکری حکام کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ


اس سے قبل پاکستان اور بھارتی افواج کے لائن آف کنٹرول کے راولا کوٹ، پونچھ سیکٹر پر تعینات مقامی کمانڈرز کے درمیان گذشتہ رات ہاٹ لائن پر رابطہ کیا گیا ، جس کے دوران پاکستانی فوجی کمانڈر نے بھارتی حکام کو آگاہ کیا کہ پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی نہ ہی پاکستانی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول عبور کی ہے۔


مزید پڑھیں : کسی لاش کی بےحرمتی نہیں کرسکتے، آئی ایس پی آر


یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے پروپیگنڈا کیا جارہا تھا کہ کرشنا گاٹھی سیکٹر میں بھارتی فوجیوں پر راکٹ فائر کیے گئے اور ہلاک ہونے والے دو بھارتی فوجیوں کی لاشوں کو مسخ کیا گیا اور ان کی بے حرمتی کی گئی۔

جس کے بعد آئی ایس پی آر نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور بھارتی فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک آرمی پیشہ ور فورس ہے جو کسی بھی سپاہی کی بےحرمتی کا سوچ بھی نہیں سکتی۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں