تازہ ترین

ملک بھر میں مہنگائی کا پارہ پھر سے چڑھنے لگا

اسلام آباد: ملک بھر میں مہنگائی کا پارہ پھر سے چڑھنے لگا، 4 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں مہنگائی میں 0.6 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 14.95 فی صد پر پہنچ گئی ہے، پاکستان شماریات بیورو نےگزشتہ ہفتے کے مہنگائی اعداد و شمارجاری کر دیے۔

گزشتہ ہفتے 51 اشیا میں سے 22 کی قیمت میں اضافہ، 5 میں کمی، 24 میں استحکام رہا، ایک ہفتے میں مرغی کی قیمت میں 5.3 فی صد، اور انڈوں میں 1.1 فی صداضافہ ہوا۔

آلو کی قیمت میں3.7 فی صد، پیاز 2.2 فی صد اور چینی میں 2.8 فی صد اضافہ ہوا، ایک ہفتے کے دوران کیلے کی قیمت میں 4.2 فی صد اضافہ ہوا۔

دوسری طرف گزشتہ ہفتے لہسن کی قیمت میں 6، آٹے کے تھیلے میں 0.8، ٹماٹر میں 0.5 فی صد کمی ہوئی۔

ایک ہفتے میں مرغی کی قیمت میں 13 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا، مرغی کی قیمت 250 روپے فی کلو سے بڑھ کر 263 روپے فی کلو ہوگئی۔

چینی کی قیمت 94 روپے سے بڑھ کر 96.68 روپے فی کلو ہوگئی، جب کہ دال ماش دھلی ہوئی 258 روپے سے بڑھ کر 261.32 روپے فی کلو ہوگئی۔

Comments

- Advertisement -