پشاور: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک ظفر حیات آباد آپریشن کے دوران زخمی ہوئے تھے، ان کی نماز جنازہ پشاور چھاؤنی میں ادا کی گئی۔
لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور اور بڑی تعداد میں فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔
پاک فوج کے محکمہ اطلاعات کے مطابق نماز جنازہ کے بعد شہید کا جسد خاکی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے آبائی علاقے خوشاب روانہ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حیات آباد میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، پولیس اہلکارشہید، 5 دہشت گرد ہلاک
واضح رہے کہ پندرہ اپریل کو فوج اور خیبر پختون خواہ پولیس نے پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آپریشن رات گئے شروع ہوا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ اے ایس آئی قمر عالم شہید ہو گئے، ایک افسراور جوان بھی زخمی ہوئے۔