راولپنڈی: پسند کی شادی پر لڑکی کے رشتے داروں نے اپنے داماد ماجد کو اپنی کار سے ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا جس کے باعث زخمی ماجد اسپتال میں موت و زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے.
تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ پنڈی گھیپ کے علاقے میں پیش آیا جہاں پسند کی شادی کرنے والے ماجد خان کو لڑکی کے گھر والوں نے اپنی گاڑی سے ٹکر مار کر ہلاک کرنے کی کوشش کی تاہم ماجد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں داکٹرز اس کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں.
پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور گاڑی کو تحویل میں لے کر ماجد کے سسرالیوں کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ زخمی ماجد کا بیان لینے ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی پہنچ گئی ہے تاہم ڈاکٹرز کی ہدایات کے تحت ابھی زخمی ماجد سے کسی کو ملنے نہیں دیا جارہا ہے.
اس موقع پر ماجد کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی ماجد کے سسرالیوں نے اپنی بیٹی کو طلاق دلوانے کے لیے شدید دباؤ ڈالا تھا اور طلاق نہ دینے کی صورت میں ماجد سمیت اہل خانہ کو جھوٹے الزامات کے تحت تھانے میں بند کروا دیا تھا.