اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ارکان بانی پی ٹی آئی کو لگائی جانے والی شکایات پر الجھ پڑے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا احوال سامنے آگیا ، ارکان اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں اور شکایات کے حوالے سے الجھ پڑے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں کئی ارکان نے وکلا پر غلط معلومات پہنچانے اور ارکان اسمبلی کی قربانیوں کو نظرانداز کرنے کے الزامات عائد کیے۔
ذرائع کے مطابق جنید اکبر نے کہا کہ "ارکان اسمبلی قربانیاں دے رہے ہیں لیکن اڈیالہ جا کر چند وکیل غلط معلومات دیتے ہیں، ارکان کی جدوجہد کا ذکر تک نہیں کیا جاتا۔”
ان کا کہنا تھا کہ اڈیالہ میں مخصوص گروپ اور چند رہنماؤں کا مؤقف ہی بانی پی ٹی آئی تک پہنچایا جاتا ہے۔
دوسری جانب سلمان اکرم نے وضاحت دی کہ "میری گزشتہ چھ ماہ میں بانی سے ملاقات تک نہیں ہوئی، عدالتی احکامات اور سماعتوں کے باعث صرف چار ملاقاتیں ممکن ہو سکیں۔”
اجلاس میں کئی ارکان اسمبلی نے وکلا کی جانب سے غلط پیغامات پہنچانے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے ارکان کو ہدایت کی کہ اپوزیشن اتحاد کے ذریعے سیاسی فیصلے کیے جائیں، جبکہ محمود اچکزئی اور ناصر عباس کو اپوزیشن کی سیاسی حکمتِ عملی میں مکمل اختیار دیا گیا ہے۔


