اسلام آباد : سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں آج سے 11 مئی تک شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، سبی، تربت اور پنجگور شدید گرمی سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔
اسی طرح جنوبی پنجاب کے ملتان، خانیوال، ڈی جی خان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، پاکپتن اور ساہیوال میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بنوں، لکی مروت اور ڈی آئی خان سمیت پشاور، مردان اور صوابی میں بھی شدید گرمی متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال اور قصور میں پارہ 43 ڈگری تک جاسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، زیادہ پانی پینے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


