اشتہار

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کالجز کے طلبہ میں آرٹ کا جذبہ بیدار کر دیا، 50 طلبہ میں لائیو پینٹنگ کا مقابلہ

اشتہار

حیرت انگیز

آرٹس کونسل کراچی میں یوم دفاع کے موقع پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی سرپرستی میں انٹر کالجیٹ پینٹنگ مقابلہ منعقد ہوا، جس میں 50 طلبہ نے شرکت کی۔

مصوری کے اس مقابلے میں شہر بھر کے 128 سرکاری گرلز اور بوائز کالجز کے لڑکے لڑکیوں نے رنگوں کو کینوس پر منتقل کر کے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔

اس سے قبل کراچی کے تمام اضلاع میں مقامی سطح پر لائیو پینٹنگ کے مقابلے منعقد ہوئے تھے، اور ہر ضلع سے 7 طلبہ کو بہترین فن پارہ تخلیق کرنے پر فائنل کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

طلبہ نے بہت کم وقت میں لائیو پینٹنگ بنانے کے لیے خود کو تیار کیا، اور مقابلے میں حصہ لے کر نہ صرف تخلیقی مہارت بلکہ اپنے حوصلے کا بھی اظہار کیا، کئی طلبہ ایسے تھے جنھوں نے اس مقابلے کے لیے تیاری سے قبل کبھی پوسٹر کلرز کے ساتھ مصوری کی مشق تک نہیں کی تھی۔


مقابلے کے دوران یوم دفاع کی مناسبت سے مختلف مناظر کو ایک گھنٹے کے قلیل وقت میں پینٹ کیا جانا تھا، طلبہ بھرپور محنت اور لگن سے اس مقابلے سے گزرے، اور انھیں اپنے اندر تخلیقی صلاحیت کا ادراک ہوا۔


مقابلے میں تینوں پوزیشنز طالبات نے اپنے نام کیں، جن میں سے پہلی پوزیشن پر آنے والی پینٹنگ میں واقعی ایک آرٹسٹ کا ہنر نظر آ رہا تھا، جس میں ہلکے رنگوں سے شہدا کے لواحقین کے دکھ کو ظاہر کرنے کے لیے ایک مردانہ درد بھرے چہرے کو ابھارا گیا تھا۔ یہ فن پارہ رانیہ عباسی نے تخلیق کیا تھا۔

پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی پینٹنگ ۔۔۔ رانیہ عباسی
دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پینٹنگ ۔۔۔ فاطمہ
تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پینٹنگ ۔۔۔ زینب خان

 

دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ فاطمہ اور تیسری پوزیشن کے لیے پینٹ کرنے والی طالبہ زینب خان نے تیز اور چمک دار رنگوں سے اپنے اپنے مناظر ابھارے تھے، تاہم ان میں فنی مہارت بہت ہی خام تھی، لیکن ان فن پاروں کو اس لیے ترجیح دی گئی کیوں کہ ان میں جنگی مناظر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا گیا تھا۔

ضلع کیماڑی سے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کے نجیب الحسن کا فن پارہ

پوزیشن ہولڈر طالبات کو بالترتیب 30، 20، اور 10 ہزار روپے کیش پرائز دیا گیا، اس کے علاوہ انھیں کپ بھی انعام میں دیے گئے۔ مقابلے میں حصہ لینے والے تمام طلبہ کو فی کس 5 ہزار روپے بھی دیے گئے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔

تقریب کے موقع پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی اور صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے خطاب بھی کیا، احمد شاہ نے کہا کہ اس طرح کے مقابلوں کو مستقل کیا جائے، جس کے لیے وہ آرٹس کونسل کی جانب سے ہر طرح کے تعاون کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے منتخب طلبہ کو مصوری کی تعلیم دینے کی بھی پیش کش کی۔

اس مقابلے اور تقریب سے یہ امکان بھی پیدا ہوا کہ کالجز کے طلبہ میں پینٹنگ کے مقابلے مستقل بنیادوں پر ہو سکیں گے، اور اس سلسلے میں اگلا مقابلہ 25 دسمبر کے موقع پر منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔


پاکستان انٹر کالجیٹ لائیو پینٹنگ مقابلے، 11 سمتبر کو آرٹس کونسل میں‌ 50 طلبہ کا فائنل ہوگا


اہم ترین

رفیع اللہ میاں
رفیع اللہ میاں
رفیع اللہ میاں گزشتہ 20 برسوں سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں، ان دنوں اے آر وائی نیوز سے بہ طور سینئر صحافی منسلک ہیں۔

مزید خبریں