اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کی ایک دل چسپ ویڈیو سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس میں عمران خان اوپر کی طرف دیکھ کر صحافیوں کے سوال کا جواب دے رہے ہیں۔
ویڈیو میں ان کے ساتھ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی نمایاں ہیں، یہ ویڈیو وزیر اعظم کے آج اسلام آباد میں للہہ جہلم روڈ کیرج وے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کے موقع کی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کل پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے متعلق صحافیوں کے سوالات پر دل چسپ جواب دیا۔
”سپورٹس مین جب گراؤنڈ میں قدم رکھتا ہے تو وہ ہمیشہ سمجھتا ہے کہ وہ جیتے گا۔“
وزیراعظم عمران خان کا کل پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے متعلق صحافیوں کے سوالات پر جواب pic.twitter.com/VcZX1bVQeI— PTI (@PTIofficial) November 16, 2021
جب وہ سیڑھیاں اتر کر ہال کی طرف جا رہے تھے تو پریس گیلری میں بیٹھے صحافیوں نے اوپر سے سوالات کرنا شروع کر دیے، ایک صحافی نے پوچھا، سر کل کے اجلاس سے متعلق آپ کتنے پُر امید ہیں، جب کہ ایک اور صحافی نے شکوے کے رنگ میں کہا کہ سر کبھی کبھی کمنٹ کر جایا کریں۔
اس پر وزیر اعظم نے رک کر پریس گیلری کی طرف اوپر دیکھتے ہوئے جواب دیا، ”اسپورٹس مین جب گراؤنڈ میں قدم رکھتا ہے تو وہ ہمیشہ سمجھتا ہے کہ وہ جیتے گا۔“