اسلام آباد: عالمی امدادی ادارہ گلوبل فنڈ نے پاکستان کو آکسیجن جنریشن پلانٹس کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کے خلاف جنگ میں عالمی ادارے پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ملک میں میڈیکل آکسیجن گیس کی مشکل حل ہونے کے قریب پہنچ گئی، گلوبل فنڈ نے پاکستان کو36آکسیجن پلانٹس کی فراہمی کی منظوری دے دی، آکسیجن جنریشن پلانٹس ملک کے مختلف اسپتالوں میں نصب ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبوں سےآکسیجن جنریشن پلانٹس کی تنصیب پر مشاورت مکمل کرلی گئی، ملکی اسپتالوں سے متعلق جامع آکسیجن ریمپ اپ پلان تیار ہے، اسپتالوں کا آکسیجن ریمپ اپ پلان این سی او سی نے تیار کیا ہے۔
آکسیجن ریمپ اپ پلان صوبوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے، آکسیجن جنریشن پلانٹس کی تنصیب ریمپ اپ پلان کاحصہ ہے، وزارت صحت کی ٹاسک فورس آکسیجن ریمپ اپ پلان پر عمل کر رہی ہے، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر صفدر رانا آکسیجن ریمپ اپ ٹاسک فورس کےسربراہ ہیں، ٹاسک فورس نے ملک بھر میں 60 آکسیجن پلانٹس لگانے کی تجویز دی ہے۔
اس حوالے سے ذرایع نے مزید کہا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر میں پاکستان کو آکسیجن گیس کی کمی کا سامنا ہوا تھا، 36 اسپتال جدید پلانٹس سے میڈیکل آکسیجن گیس خود تیار کریں گے۔