ریاض: سعودی عرب نے 15 مارچ کو عالمی یوم انسداد اسلاموفوبیا قرار دینے کا خیر مقدم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں ‘انٹرنیشنل ڈے ٹو کومبیٹ اسلاموفوبیا’ کے لیے دن مقرر کیے جانے کے یو این اقدام کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ اسلاموفوبیا سے جنگ میں سعودی عرب کی جانب سے دوست ممالک اور عالمی اداروں سے تعاون جاری رکھا جائے گا۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن منانے کی قرارداد کی منظوری کے فیصلے کا خیر مقدم کیا تھا۔
‘اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کیخلاف او آئی سی کی پاکستانی قرارداد منظور’
یہ قرارداد منگل کو 193 رکنی عالمی ادارے کی طرف سے اتفاق رائے سے منظور کی گئی، اس کے لیے بنیادی طور پر 55 مسلم ممالک کا تعاون حاصل رہا، اس قرارداد میں مذہب اور عقیدے کی آزادی کے حق پر زور دیا گیا ہے اور 1981 کی ایک قرارداد کو یاد کیا گیا ہے جس میں ‘ہر قسم کی عدم برداشت اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر امتیازی سلوک کے خاتمے’ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یہ قرارداد پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جانب سے پیش کی تھی۔ 15 مارچ وہ دن ہے جب نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ایک مسلح شخص نے دو مساجد میں گھس کر 51 افراد کو ہلاک اور 40 کو زخمی کر دیا تھا۔