اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج تارکین وطن کا دن منایا جا رہا ہے، تارکین وطن کا عالمی دن منانے کا مقصد بین الاقوامی سطح پر تارکین وطن کے حقوق سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر تارکین وطن کے حقوق اور انہیں درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کے لیے آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں تارکین وطن کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔
یہ دن ہر سال اقوام متحدہ کی اپیل پر حکومتی، انفرادی اور تنظیمی سطح پر منایا جاتا ہے تاکہ تارکین وطن کے بنیادی حقوق اور کاوشوں سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا جاسکے۔
ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں دو ارب سے زائد افراد تارکین وطن کی حیثیت سے زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ کئی ملکوں میں انہیں بنیادی ضرورتیں بھی میسر نہیں ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں دو ارب ساٹھ کروڑ افراد تارکین وطن کی حیثیت سے دوسرے ممالک میں رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ مذکورہ اعداد وشمار ماضی میں شایع کی گئی تھیں، جبکہ اب تک تارکین وطن کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
خوش حال زندگی گزارنے اور ترقی کا خواب لیے اکثر تارکین وطن یورپ کا رخ کرتے ہیں، اس دوران کئی کی موت بھی واقع ہوجاتی ہے، کشتی ڈوبنے کے باعث اب تک سیکڑوں تارکین وطن ہلاک ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے 4 دسمبر 2000ء میں ایک قرارداد کے ذریعے ہر سال یہ دن منانے کی منظوری دی۔
اقوام متحدہ ہمیشہ تارکین وطن کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے اور ان کی دیکھ بھال سے متعلق بین الاقوامی سطح پر موثر تعاون کی ضرورت پر زور دیتا آیا ہے۔