اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے انٹرنیٹ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ 18 گھنٹے تک انٹرنیٹ کی رفتار سست یا سروس معطل رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ملک کے زیر سمندر کمیونیکیشن نیٹ ورک کے ایک حصے میں مرمتی کام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے باعث آج ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار سست یا سروس میں عارضی تعطل آسکتا ہے۔
پی ٹی سی ایل کے ترجمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کیبل کنسورشیم نے ایک خراب ریپیٹر کی مرمت کے لیے 14 اکتوبر 2025 کو صبح 11 بجے سے مرمتی کام کا شیڈول مقرر کیا ہے، جو تقریباً 18 گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے۔
اس دوران صارفین کو انٹرنیٹ براؤزنگ میں سستی، ویڈیوز کی اسٹریمنگ میں تعطل یا عارضی کنیکٹیویٹی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔
Dear Customers,
A maintenance activity is planned on one of our Submarine cables to repair a faulty repeater. The activity will start on October 14, 2025 around 11AM PST which can last for upto 18 hours. Customers will face service degradation. We regret the inconvenience please
— PTCL (@PTCLOfficial) October 13, 2025
ترجمان نے بتایا کہ پی ٹی سی ایل کے انجینئرز عالمی پارٹنرز کے ساتھ مل کر کوشش کر رہے ہیں کہ صارفین کو کم سے کم پریشانی ہو۔
کمپنی نے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرمت طویل المدتی نیٹ ورک استحکام اور بہتر کارکردگی کے لیے ضروری ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت جس میں ای کامرس، ریموٹ ورک، تعلیم اور فِن ٹیک خدمات شامل ہیں، انٹرنیٹ پر انحصار کرتی ہے، اس لیے معمولی تعطل بھی مختلف شعبوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
پی ٹی سی ایل نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ مرمتی کام کے دوران اپنی آن لائن سرگرمیوں کی منصوبہ بندی احتیاط سے کریں۔
مزید پڑھیں : پاکستان میں سست انٹرنیٹ سے پریشان صارفین کے لئے بڑی خوشخبری
دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں فکسڈ سیٹلائٹ سروسز (FSS) کے لائسنس کے اجراء کا منصوبہ پیش کیا ہے، جو ملک میں انٹرنیٹ کے دائرہ کار کو بڑھانے کی بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
یہ اقدام عالمی کمپنیوں، بشمول اسٹارلنک اور شنگھائی اسپیس کوم، کو پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے کی ترغیب دے گا، جس سے دور دراز اور کم مراعات یافتہ علاقوں کو تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔
پی ٹی اے کے مطابق لائسنس حاصل کرنے والی کمپنیوں کو پاکستان میں زمین پر گیٹ وے اسٹیشنز اور Very Small Aperture Terminals (VSATs) قائم کرنے کی اجازت ہوگی۔ یہ لائسنس 15 سال کے لیے جاری کیا جائے گا جس کی فیس 5 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ آپریٹرز کو منظوری کے 18 ماہ کے اندر سروس کا آغاز کرنا ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


