کراچی : انٹرپول کی مدد سے ماسی گینگ کا سرغنہ عمران سعودی عرب سے گرفتار کرلیا گیا ، عمران کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ماسیوں کا گینگ چلاتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے خط پر انٹرپول کی مدد سے ماسی گینگ کے سرغنہ عمران کو گرفتار کرلیا گیا۔
انٹرپول نے ملزم کو سعودی عرب میں گرفتار کرکے پاکستانی حکام کے حوالے کیا ، گرفتار ملزم عمران کو آج ملیر کورٹ میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ عمران کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ماسیوں کا گینگ چلاتا تھا، گینگ کی خواتین گھروں میں کام کے دوران سونا اور نقدی چوری کرتی تھیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ عمران ماسیوں کو ٹرانسپورٹ سروس سمیت تمام سہولتیں فراہم کرتا تھا، جبکہ اس کی ساتھی خواتین درخشاں اور اسٹیل ٹاؤن میں متعدد وارداتوں میں ملوث تھیں۔
حکام کے مطابق ملزم چوری کے پیسوں سے آزاد ویزہ حاصل کرکے سعودی عرب فرار ہوگیا تھا جبکہ گینگ کی دو خواتین ساتھی پہلے ہی گرفتار ہوچکی ہیں۔
پولیس کے مطابق ماسی گینگ نے درخشاں میں ایک سیاسی رہنما کے گھر میں بھی چوری کی تھی۔
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں


