تازہ ترین

فیس بک میسنجر کا صارفین کی وائس، ویڈیو کالز محفوظ بنانے کیلئے منفرد فیچر متعارف

فیس بک میسنجر کی جانب سے صارفین کی سہولت اور ان کی گفتگو کو مزید محفوظ بنانے کےلیے انتہائی کارآمد فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔

فیس بک میسنجر ایپ کی جانب سے اپنے صارفین کی سہولت کےلیے ماضی میں بھی کئی فیچر متعارف کرائے گئے ہیں جن کا استعمال کرکے وہ اپنی گفتگو کو محفوظ بنا سکتے ہیں لیکن اب فیس بک میسنجر کی جانب سے ایسا منفرد فیچر متعارف کرایا گیا ہے جو ویڈیو اور وائس کالز کو بھی محفوظ بناتا ہے۔

فیس بک انتظامیہ کی جانب سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن فیچر متعارف کرایا گیا ہے، یہ فیچر میسنجر میں چیٹ میسجز کے لیے تو 2016 سے دستیاب ہے مگر اب جاکر یہ سہولت وائس اور ویڈیو کالز کے لیے متعارف کرائی گئی۔

فیس بک کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اگر صارف اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو میسنجر کالز کے لیے ٹرن آن کرتا ہے تو کوئی بھی بشمول فیس بک کالز کو دیکھ یا سن نہیں سکے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کالز کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ساتھ فیس بک نے ایکسپائرنگ میسجز فیچر کو بھی اپ ڈیٹ کیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیس بک میسنجر کی وائس اور ویڈیو کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی جلد آزمائش کرکے اسے صارفین کےلیے پیش کریں گے، بعد ازاں انسٹاگرام صارفین بھی اس فیچر سے مستفید ہوسکیں گے۔

یہ سب تبدیلیاں فیس بک کی جانب سے تمام میسجنگ ایپس کو اکٹھا کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

Comments

- Advertisement -