ایپل کی جانب سے بڑی خبر آ گئی، کمپنی نے آئی فون اور آئی پیڈ 15.5 سیکیورٹی اپ ڈیٹس جاری کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق ایپل نے آئی فونز اور آئی پیڈز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے iOS 15.5، iPadOS 15.5 اپ ڈیٹ جاری کر دی ہے۔
ایپل نے ابھی دو ماہ قبل ہی iOS 15.4 اپ ڈیٹ جاری کی تھی، اب اپنے صارفین کے لیے iOS 15.5 اور iPadOS 15.5 کو بھی مارکیٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔
اس نئی اپ ڈیٹ میں کچھ اضافی تبدیلیاں کی گئی ہیں، اور آپریٹنگ سسٹم میں چند چھوٹے فیچرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
کون سے ڈیوائسز ان اپ ڈیٹس کے لیے اہل ہیں؟
ایپل نے اعلان کیا ہے کہ Apple iOS 15.5 اور iPadOS 15.5 کے لیے یہ نئی سیکیورٹی اپ ڈیٹ آئی فون 6s اور اس کے بعد کے ورژن کے لیے، iPad Pro (تمام ماڈلز)، iPad Air 2 اور بعد کے ورژن، iPad 5th جنریشن اور بعد کے ورژن، iPad mini 4 اور اس کے بعد کے ورژن، اور آئی پوڈ ٹچ (7ویں جنریشن) کے لیے متعارف کرائی جائے گی۔
اس اپ ڈیٹ میں نیا کیا ہے؟
خیال رہے کہ Apple iOS 15.5 نے آئی فونز کی فیچرز کی فہرست میں کچھ بہت زیادہ تبدیلیاں نہیں کی ہیں، تاہم پھر بھی صارفین مندرجہ ذیل تبدیلیاں دیکھیں گے۔
سب سے بڑی تبدیلی پوڈ کاسٹ ایپلیکیشن میں کی گئی ہے، اب اس کی تبدیل شدہ سیٹنگ کی وجہ سے صارفین پوڈ کاسٹ ایپی سوڈز کی تعداد سیٹ کر سکتے ہیں، جنھیں آئی پیڈ یا آئی فون پر اسٹور کیا جا سکتا ہے، یہ نئی سیٹنگ ڈیوائس پر ذخیرہ شدہ پرانے پوڈ کاسٹ کو ڈیلیٹ کر دے گی، تاکہ فون پر ایپی سوڈز کی تعداد کو برقرار رکھا جا سکے۔
والٹ پر ایپل پے کیش والے حصے میں اب الگ الگ ‘ریکوئسٹ’ اور ‘سینڈ’ کے بٹن ہوں گے، اس سے صارف کے لیے کیش سنبھالنا آسان ہو جائے گا۔
iPadOS 15.5 میں ‘یونیورسل کنٹرول’ کا فیچر آخر کار بیٹا مرحلے سے باہر آ گیا ہے، آئی پیڈز کے لیے یہ ایک زبردست اپ ڈیٹ ہے، اس اپ ڈیٹ (یونیورسل کنٹرول) کے ذریعے آپ صرف ایک ماؤس یا ٹریک پیڈ کے استعمال سے مختلف iPads اور Macs کنٹرول کر سکیں گے۔
iOS 15.5 میں ‘External Link Account Entitlement کا فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کا صارفین کو شدت سے انتظار تھا، اس نئے فیچر کی مدد سے صارف اپنے اکاؤنٹ اور دیگر چیزوں کو منظم کرنے کے لیے بیرونی ویب سائٹ کا لنک شامل کر سکے گا۔
ایپل نے ایک نیا فیچر یہ بھی متعارف کرایا ہے جو کچھ میڈیا کو فوٹو میموریز پر ‘پاپ اپ’ ہونے سے روکتا ہے، مثال کے طور پر اگر آپ اپنے گھر جیسے کسی مقام کو حساس مقامات میں سے ایک کے طور پر ٹیگ کرتے ہیں، آپ کو ایپل کی فوٹو میموریز پر اس مقام کی تصاویر نظر نہیں آئیں گی۔
ایپل نے گانے کے پلے بیک کی رفتار کو منظم کرنے کے لیے تھرڈ پارٹی میوزک ایپلی کیشنز (ایپل میوزک کے علاوہ) فراہم کر دی ہیں، API کو iOS 15.4 میں سے ہٹا دیا گیا تھا، تاہم اب یہ پھر شامل کر دیا گیا ہے۔
ان معمولی فیچر اپ ڈیٹس کے علاوہ، iOS 15.5 اور iPadOS 15.5 میں چند سیکیورٹی فیچرز بھی صارفین کے منتظر ہیں، تازہ ترین اپ ڈیٹ میں 25 سے زیادہ سیکیورٹی اصلاحات کی گئی ہیں اور ان کی تفصیل ایپل کی آفیشل سیکیورٹی سپورٹ سائٹ پر دی گئی ہے۔