چنئی : آئی پی ایل میں دو سال کی پابندی کے بعد چنئی سپرکنگز کی ٹیم میچ کھیلنے کے لیے ہوم گراؤنڈ پہنچی تو تماشائیوں نے کھلاڑیوں کا جوتوں سے استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق دو سال کی پابندی کے بعد چنئی سپرکنگز اپنے ہوم گراؤنڈ ایم اے چدم برم اسٹیڈیم میں میچ کھیلنے پہنچی تو اس دوران شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔
چنئی سپرکنگزاور کولکتہ نائٹ رائڈرز کے درمیان میچ کھیلا جا رہا تھا کہ آٹھویں اوور میں تماشائیوں کی جانب سے باؤنڈری کے قریب کھڑے چنئی کے کھلاڑی رویندرا جڈیجہ اور فاف ڈوپلیسس پر جوتا پھینکا گیا۔
پولیس اور گراؤنڈ انتظامیہ نے کھلاڑیوں پر جوتے پھینکنے والے تماشائیوں کو گراؤنڈ سے باہر نکال دیا جس کے بعد میچ بغیر کسی تعطل کے مکمل ہوا۔
چنئی سپرکنگز نے کولکتہ نائٹ رائیڈر کے خلاف 203 رنز کا ہدف سنسنی خیزمقابلے کے بعد میچ کے آخری اوور کی پانچویں گیند پرحاصل کیا۔
بھارت: آئی پی ایل میچز رکوانے کے لیے سیکڑوں افراد کا احتجاج
خیال رہے کہ میچ سے قبل ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین نے گراؤنڈ کے باہر مظاہرہ کیا تھا اوراس دوران پولیس سے مظاہرین کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔
مشتعل مظاہرین نے پانی کے بحران کے حل تک چنئی میں آئی پی ایل میچز منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ مظاہرین کو احتجاج سے روکنے کے لیے 4 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی میں 10 اپریل سے 20 مئی تک آئی پی ایل کے سات میچ کھیلے جائیں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔