پیر, جون 15, 2026
اشتہار

آئی پی ایل کو ’’ہنی ٹریپ‘‘ کا خطرہ، بی سی سی آئی نے الرٹ جاری کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

دہلی (10 مئی 2026): انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو بھی ہنی ٹریپ سے خطرہ ہو گیا بھارتی کرکٹ بورڈ نے الرٹ جاری کر دیا۔

اب تک عام افراد کو شادی، کاروبار یا دیگر پرکشش وعدوں کے ذریعے ہنی ٹریپ کیا جاتا تھا، مگر اب بھارتی کرکٹ لیگ، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو بھی ہنی ٹریپ کا خطرہ ہو گیا ہے اور بی سی سی آئی نے اس حوالے سے الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔

آئی پی ایل کا جب سے آغاز ہوا ہے روز کوئی نیا تنازع یا عجیب وغریب خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اب بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیئر لیگ کو ’’ہنی ٹریپ‘‘ سمیت دیگر سنگین خطرات سے خطرہ ظاہر کرتے ہوئے اس سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رواں آئی پی ایل میں کرکٹرز کی جانب سے گرل فرینڈز کلچرل کے فروغ اور ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے کان کھڑے اور آنکھیں کھل گئی ہیں اور اس نے سخت نوٹس لیتے ہوئے لیگ کی تمام 10 فرنچائز کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے انتباہ جاری کرتے ہوئے فرنچائز مالکان اور حکام کو 8 صفحات پر مشتمل سخت ہدایت نامہ بھیجا ہے۔

اس ہدایت نامے میں سیکیورٹی، نظم و ضبط اور پروٹوکول کی خلاف ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کچھ کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف نے ٹیم مینیجر کی اجازت کے بغیر غیر متعلقہ افراد کو ہوٹل رومز تک رسائی دی۔

بی سی سی آئی نے ’ہنی ٹریپ‘ اور دیگر قانونی و سیکیورٹی خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے اس قسم کی سرگرمیوں پر فوری پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب کسی بھی مہمان کو تحریری اجازت کے بغیر کھلاڑیوں یا اسٹاف کے کمروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ملاقاتیں صرف ہوٹل کی لابی یا دیگر مخصوص عوامی مقامات پر ہی کی جا سکیں گی۔

بی سی سی آئی کے نئے ہدایت نامے کے بعد اب فرنچائز مالکان کو بھی میچ کے دوران ڈگ آؤٹ یا گراؤنڈ میں کھلاڑیوں سے رابطے، گلے ملنے یا گفتگو سے روک دیا گیا ہے۔ بورڈ کے مطابق اس قسم کی سرگرمیاں میچ کے ماحول اور ٹیم ڈائنامکس پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔

ادھر ریان پراگ کے ڈریسنگ روم میں ویپنگ کرنے کے واقعے کے بعد بی سی سی آئی نے ویپ، ای سگریٹ اور دیگر ممنوع اشیا کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ بورڈ نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں