تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

بڑی خبر، آئی پی ایل ملتوی

نئی دہلی: کرونا وبا کی سنگینی کے باعث بھارت میں آئی پی ایل ملتوی کر دی گئی۔

تفصیلات کےمطابق کرونا وبا نے بھارت میں آئی پی ایل کو بریک لگا دی، کھلاڑیوں اور آفیشلز میں کروناکیسز میں اضافے کے بعد بی سی سی آئی نے لیگ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ راجیو شکلا نے بیان میں کہا کہ آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کھیلنے والے متعدد کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

گزشتہ روز کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے 2 کھلاڑیوں اور چنئی سپر کنگز کے سپورٹنگ اسٹاف میں موجود 3 ارکان کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے، جس پر میچ نہ ہو سکا، آج سن رائزر کے کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا۔

واضح رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے قہر کی وجہ سے آسٹریلوی کھلاڑی اینڈریو ٹائی، کین رچرڈسن اور ایڈم زمپا کے علاوہ آراشون اور 2 امپائرز بھی آئی پی ایل کو چھوڑ کر جا چکے ہیں۔

بھارت میں کرونا کی بگڑتی صورت حال کے باوجود نجی لیگ کو جاری رکھنے پر منتظمین کو شدید تنقید کا سامنا تھا۔ لیگ چھوڑ کر اپنے وطن واپس لوٹنے والے اینڈریو ٹائی نے اعتراض کیا تھا کہ بھارت میں کرونا کے مریضوں کو علاج کے لیے اسپتال نہیں مل رہے تو کمپنیاں اور کارپوریٹ ادارے آئی پی ایل پر اتنا خرچ کیوں کر رہے ہیں؟

لیگ شروع ہونے سے قبل ہی خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا لیکن بھارت میں کرونا کی شدت کے باوجود بی سی سی آئی نے میں نہ مانوں کی رٹ برقرار رکھی اور کھلاڑیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا، 9 اپریل کو لیگ شروع تو ہوگئی تاہم اب بھارتی کرکٹ بورڈ نے کرونا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔

بھارت میں اس وقت کرونا قہر ڈھا رہا ہے، 2 ہفتے سے مسلسل 3 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، نئی دہلی، مہاراشٹرا، یوپی، مغربی بنگال سمیت دیگر ریاستوں میں صورت حال تشویش ناک ہے، گزشتہ روز بھی ایک دن میں ساڑھے 3 لاکھ سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 3 ہزار 449 افراد جان سے گئے۔

Comments

- Advertisement -