کراچی: پاکستان کی نامور اداکارہ اقرا عزیز ساتھی اداکار و میزبان یاسر حسین کی حمایت میں سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق پچھلے کئی دنوں سے اداکار یاسر حسین پر ٹیلی فلم ’دردانہ‘ میں خواجہ سرا کے کردار کے حوالے سے مداح کو جواب دینے پر تنقید کی جارہی ہے ایسے میں ان کی ساتھی اداکارہ اقرا عزیز تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیا ہے۔
اقرا عزیز نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ یاسر حسین پر کیے گئے تمام نفرت انگیز تبصرے نہایت مایوس کن ہیں، آپ سب لوگ خود کو انسان کہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ دنیا اچھی ہو، لیکن آپ وہی لوگ ہیں جو خواجہ سراؤں کو اپنا پڑوسی بھی نہ بنائیں۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر آپ کسی کو صحیح اور غلط کا مشورہ دینا چاہتے ہیں تو پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں کہ آپ کسی کے ساتھ کتنا غلط کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: فلمی کردار کے لیے یاسر حسین’خواجہ سرا‘ بن گئے
اقرا عزیز نے لکھا کہ آج ہمیں خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے وہ تحریک چلانی پڑ رہی ہے جو پہلے ہی ان کا حق ہے لیکن ہم انہیں دیتے کیونکہ آپ میں سے کچھ لوگ ہیں جو ان کو دل سے قبول نہیں کرتے جبکہ ہمیں سب کی عزت کرنی چاہئے نہ کہ خواجہ سرا سمجھ کر بلکہ انسان سمجھ کر۔
انہوں نے مزید لکھا کہ برائے مہربانی اچھائی کا آغاز خود سے کریں نہ کہ کسی بھی شخصیت پر تنقید کرکے اپنے نمبر بڑھائیں۔
واضح رہے کہ اداکار یاس حسین نے خود پر تنقید کرنے والوں کو الٹے جواب دئیے جس پر صارفین ان سے مزید ناراض ہوگئے اور انہیں برا بھلا کہنا شروع کردیا، ایک خاتون نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ خواجہ سرا سے نفرت کرنے والا شخص خواجہ سرا ہی کا کردار ادا کررہا ہے۔