اشتہار

اقرار الحسن کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ، لاہور سے گرفتاری، کراچی کی عدالت میں 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سید اقرار الحسن کے خلاف ریاستی اداروں، سرکاری افسران اور عوامی شخصیات سے متعلق مبینہ جھوٹا، من گھڑت اور گمراہ کن مواد سوشل میڈیا پر نشر کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے انھیں لاہور سے گرفتار کیا، اور کراچی شرقی کی عدالت نے ملزم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

دستاویزات کے مطابق این سی سی آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کراچی میں 10 اکتوبر 2026 کو مقدمہ نمبر 101/2026 درج کیا گیا۔ مقدمے میں پیکا ایکٹ 2016 کی دفعات 9، 10، 24 اور 26 اے شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے اپنے ٹک ٹاک، فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کے ذریعے ریاست، ریاستی اداروں اور سرکاری افسران سے متعلق مبینہ طور پر جھوٹی اور گمراہ کن معلومات پھیلائیں۔

تفتیشی حکام کا مؤقف ہے کہ سوشل میڈیا پر جاری مواد میں ریاستی اداروں اور سرکاری افسران کے قانونی اقدامات کو متنازع انداز میں پیش کیا گیا، جب کہ بعض سزا یافتہ افراد کی مبینہ طور پر تشہیر اور تعریف بھی کی گئی۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نوعیت کے مواد سے عوام میں ریاستی اداروں کے خلاف عدم اعتماد، بے چینی اور اشتعال پیدا ہونے کا خدشہ تھا۔

تفتیشی ادارے کے مطابق سوشل میڈیا مواد کا جائزہ لینے اور ابتدائی انکوائری کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔ این سی سی آئی اے کی دستاویزات کے مطابق ملزم کو 12 اکتوبر کو لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری اور تلاشی کی کارروائی کے دوران 4 آئی فونز اور ایک آئی پیڈ تحویل میں لیے گئے، جنھیں فارنزک جانچ کے لیے قبضے میں لیا گیا۔

Follow ARY Tube for more

ابتدائی تکنیکی رپورٹ کے مطابق تحویل میں لیے گئے ایک آئی فون میں اقرار الحسن کے نام سے منسوب ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور فیس بک اکاؤنٹس کے لاگ اِن ہونے کی نشان دہی ہوئی، جب کہ موبائل کی گیلری میں متعلقہ سوشل میڈیا پوسٹس بھی پائی گئیں۔ تفتیشی حکام نے مزید تفصیلی ڈیجیٹل فارنزک تجزیے کی ضرورت ظاہر کی ہے۔

13 اکتوبر کو این سی سی آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا محمد فیصل منیر خان نے ملزم کو کراچی شرقی کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا اور 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے موبائل فونز، لیپ ٹاپ، سم کارڈز، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل ریکارڈ کی مزید جانچ ضروری ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ اکاؤنٹس کے ای میل ایڈریسز، موبائل نمبرز، ریکوری تفصیلات اور اکاؤنٹس سے وابستہ دیگر افراد کی شناخت بھی مطلوب ہے۔

ریمانڈ رپورٹ کے مطابق تفتیشی ادارہ مبینہ مواد کی تیاری، ایڈیٹنگ، اپ لوڈنگ اور تشہیر میں استعمال ہونے والے ڈیجیٹل آلات کا جائزہ لینا چاہتا ہے۔ حکام نے متعلقہ مواد کی ممکنہ فنڈنگ، دیگر افراد کے کردار، حذف شدہ ڈیٹا کی بازیابی اور مزید شواہد جمع کرنے کے لیے جسمانی ریمانڈ ضروری قرار دیا۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کے قبضے سے متعلقہ مواد رکھنے والی اشیا برآمد ہوئی ہیں اور تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔

عدالت نے ریکارڈ اور تفتیشی افسر کا مؤقف سننے کے بعد 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست مکمل طور پر منظور کرنے کے بجائے چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ عدالت نے ملزم کو 17 اکتوبر 2026 کو پیش رفت رپورٹ کے ساتھ دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔

مزید خبریں