تازہ ترین

ایران کا امریکی پابندیوں سے متاثٖر ہونے کا اعتراف، تیل کی صنعت خسارے کا شکار

تہران: ایرانی وزیر تیل بیژن زنگنہ نے امریکی پابندیوں سے متاثر ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ ان پابندیوں کے خلاف مزاحمت بھی جاری رکھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ایرانی وزیر تیل بیژن زنگنہ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف غیر ملکی پابندیوں نے ایران کی تیل کی صنعت کو متاثر کیا ہے لیکن تہران حکومت ان پابندیوں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھے گی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر تیل نے یہ بات منگل کے روز کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے لیے اب حالات یہ ہیں کہ ہر چند سال بعد تیل کی ملکی صنعت کو اقتصادی پابندیوں اور کسی نہ کسی بڑے دھچکے کا سامنا رہتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان اثرات کے باوجود ایران ان پابندیوں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھے گا، تیل کی معیشت کو مزید تقویت دی جائے گی۔

جنرل اسمبلی اجلاس، ایرانی صدرکونیویارک میں سفری پابندیوں کا سامنا

دوسری جانب وزیرخارجہ جواد ظریف واضح کرچکے ہیں کہ پابندیوں اور دباؤ کے باوجود ایران تیل کی برآمد ہر صورت جاری رکھے گا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تجارتی اور معاشی پابندیاں عائد کردی تھیں جبکہ معاہدے کے دیگر عالمی فریقین برطانیہ، جرمنی، فرانس، روس اور چین نے ایران سے معاہدہ جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں گزشتہ ماہ اس وقت مزید اضافہ ہوا جب سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے گئے تھے جس کے بعد تیل برآمد کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو نے اپنی پیداوار روک دی تھی۔

Comments

- Advertisement -