یورپی یونین کی جانب سے نئی پابندیاں عائد کرنے پر ایران نے جواباً یورپی یونین پر بھی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق تہران نے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کی جانب سے ایران پر نئی پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد بھرپور جواب دیتے ہوئے یورپی یونین پر دہشتگردی کی حمایت کے الزام میں پابندیاں لگا دی ہیں۔
ایران کی جانب سے یورپی یونین کے ساتھ برطانوی اہلکاروں پر بھی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔
اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے 23 افراد اور 9 اداروں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اس میں قانون ساز، عسکری شخصیات اور میڈیا گروپس بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یورپی یونین نے گزشتہ روز ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یورپی یونین کی جانب سے عائد ان نئی پابندیوں کی فہرست میں ایران کے مزید 20 افراد اور اداروں کو شامل کیا گیا جبکہ ایرانی ریڈیو اور ٹی وی کارپوریشن بھی پابندی کی زد میں آگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یورپی یونین نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کردیں
یورپی یونین نے یہ فیصلہ ایران کی جانب سے روس کو ڈرون طیاروں کی فراہمی اور ایران میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو بنیاد بنا کر کیا گیا ہے۔ یورپی یونین نے اس ہفتے کے آخر میں ماسکو کے خلاف مزید اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔