تازہ ترین

ایرانی پرائمری اسکولوں میں انگریزی تعلیم پر پابندی عائد

تہران: ایران نے پرائمری اسکولوں میں انگریزی زبان میں تعلیم دینے پر پابندی عائد کردی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایران کے پرائمری اسکولوں میں انگریزی زبان میں تعلیم دینے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرائمر ی اسکولوں میں انگریزی زبان میں تعلیم دینے سے مغربی کلچر ایرانی ثقافت پر حاوی ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی ثقافت کو بچانے کے لیے انگریزی زبان میں تعلیم دینے پر پابندی عائد کی جائے۔

ان کے بیان کے بعد سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں ایرانی ہائی ایجوکیشن کونسل کے سربراہ نے کہا کہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے نصاب میں انگریزی زبان کی شمولیت خلاف قانون ہے، اس لیے اس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ایران میں عام طور پر انگریزی کی تعلیم مڈل اسکول سے شروع ہوتی ہے جہاں 12 سے 14 سال کے طلبا کو انگریزی پڑھائی جاتی ہے، تاہم کچھ اسکولوں میں پرائمری کلاسز کے طلبا کو بھی انگریزی میں تعلیم دی جاتی ہے۔

ایران میں بعض والدین اسکول کے بعد اپنے بچوں کو انگریزی سیکھنے کے لیے مختلف اداروں میں بھی بھیجتے ہیں جبکہ خوشحال طبقے کی اکثریت اپنے بچوں کو ایسے ٹیوشن سینٹرز میں تعیم دلواتی ہے جہاں انگریزی زبان میں تعلیم دی جاتی ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -