کراچی (09 اگست 2026): ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے ایران کے راستے غیر قانونی بارڈر پار کروانے میں ملوث منظم نیٹ ورک پکڑا ہے۔
ملتان کی ایف آئی اے امیگریشن نے غیر قانونی بارڈر پار کر کے بیرون ملک جانے والے 2 مسافروں کو پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لے لیا ہے، مسافر صفدر اقبال اور فیصل شہزاد کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں مسافر یو اے ای سے پرواز جی 9558 کے ذریعے ملتان پہنچے تھے، امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافروں کا سفری ریکارڈ سسٹم میں موجود نہ تھا۔
دونوں مسافر غیر قانونی طریقے سے تفتان بارڈرعبور کر کے ایران کے راستے عراق پہنچے تھے، ٹریول ایجنٹ ناصر نے غیر قانونی طریقے سے پاکستان سے باہر جانے میں سہولت فراہم کی تھی، اور ٹریول ایجنٹ نے ملازمت کا جھانسا دے کر دونوں مسافروں کو عراق پہنچانے کا انتظام کیا تھا۔
ترجمان کے مطابق مسافروں کا کہنا تھا کہ عراق پہنچنے پر انھیں عراقی پولیس نے گرفتار کر لیا تھا، اور دونوں 7 روز تک عراقی پولیس کی حراست میں رہے، ایک مسافر کے مطابق وہ اس سے قبل ترکیہ سے بھی ڈی پورٹ ہو چکا ہے۔
ایف آئی اے نے تحقیقات کے لیے معاملہ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کو بھجوا دیا ہے۔


