ایران نے رواں سال امریکا میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ایرانی وزیر کھیل احمد دنیامالی کا کہنا ہے کہ ایران فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرسکتا، امریکا نے ہمارے رہنما کو شہید کیا ہے، کسی بھی صورت میں ہم ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ورلڈ کپ میں شرکت کا کوئی جواز نہیں بنتا، ایران کے بچوں اور شہریوں کی جانیں محفوظ نہیں، ایسے حالات میں ٹیم نہیں بھیج سکتے، امریکا، کینیڈا اور میکسیکو آئندہ فیفا ورلڈ کپ کے میزبان ممالک ہیں، ایران کے گروپ اسٹیج کے تمام میچز امریکی شہروں لاس اینجلس اور سیئٹل میں شیڈول ہیں۔
یہ پڑھیں: ایران کا امریکا میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ سے دستبرداری پر غور
ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے بھی ورلڈ کپ شرکت پر خدشات ظاہر کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس صورتحال میں کون اپنی قومی ٹیم کو وہاں بھیجے گا؟
فیفا صدر جانی انفینٹینو کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کی دعوت دی ہے، ایران ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والا پہلا ملک تھا۔
واضح رہے کہ 2026 ورلڈ کپ کا انعقاد امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


