ہفتہ, اگست 15, 2026
اشتہار

روس کا ایران کے دارخوین جوہری پاور پلانٹ پر حملے پر رد عمل

اشتہار

حیرت انگیز

ماسکو (20 جولائی 2026): روس نے ایران کے دارخوین جوہری پاور پلانٹ پر مبینہ امریکی حملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

روس نے اتوار کو ایران کے زیرِ تعمیر دارخوین جوہری بجلی گھر پر رات کے وقت مبینہ حملے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) سے اس واقعے کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔

روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے کہا کہ ماسکو نے اس مبینہ حملے سے متعلق ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کا نوٹس لیا ہے، جو ان کے بقول آئی اے ای اے کی نگرانی میں موجود اس جوہری تنصیب کے تحفظ اور ایران کے گرد ابھرتی ہوئی مجموعی سیکیورٹی صورت حال کے حوالے سے تشویش کا باعث ہیں۔

وزارتِ خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں زخارووا نے کہا ’’ہم نے میڈیا میں آنے والی ان اطلاعات کا نوٹس لیا ہے۔ یہ رپورٹس اس تنصیب کی جوہری سلامتی کے حوالے سے، جو آئی اے ای اے کی نگرانی میں ہے، اور ایران کے گرد تیزی سے تشویش ناک ہوتی صورت حال کے تناظر میں شدید خدشات پیدا کرتی ہیں۔‘‘


ایران میں زیرِ تعمیر بجلی گھر پر امریکی حملہ، جوہری توانائی ایجنسی کا بیان


انھوں نے کہا کہ جوہری تنصیبات پر حملے بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور آئی اے ای اے کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں اور ان کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔ زخارووا نے کہا کہ روس توقع رکھتا ہے کہ آئی اے ای اے کی قیادت اس مبینہ واقعے کا غیر جانب دارانہ جائزہ پیش کرے گی۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کو خطرہ قرار دینے کی کوششوں کو فوجی کارروائی کا جواز بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کے بقول ’’ایران کے پُرامن جوہری پروگرام سے متعلق مبینہ خطرات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی تمام کوششیں دراصل ایران میں ایک اور خوں ریزی کی ناقابلِ قبول منصوبہ بندی پر پردہ ڈالنے کے مترادف ہیں۔‘‘

زخارووا نے مزید کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کے تحت ایران سمیت غیر جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستوں کو پُرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کی ترقی اور استعمال کا حق حاصل ہے، اور اس حق پر نہ تو سوال اٹھایا جانا چاہیے اور نہ ہی اسے بیرونی حملوں کا نشانہ بنایا جانا چاہیے۔

اس سے قبل ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم نے کہا تھا کہ امریکی حملوں میں ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں زیرِ تعمیر دارخوین جوہری بجلی گھر کو نشانہ بنایا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں