واشنگٹن(20 مئی 2026): امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ جنرل بریڈ کوپر نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ میناب اسکول ایرانی کروز میزائل کے فعال اڈے پر تھا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل بریڈ کوپر نے سینٹ کام کمیٹی کے سامنے اپنے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ میناب میں لڑکیوں کے اسکول پر حملے سے متعلق امریکی فوجی تحقیقات انتہائی پیچیدہ ہیں۔ امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ اسکول ایرانی کروز میزائل کے ایک فعال اڈے پر واقع تھا۔
امریکی فوج کی ابتدائی تحقیقات میں یہ سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے کہ ایران کے علاقے میناب میں لڑکیوں کے اسکول کی تباہی کی ممکنہ ذمہ دار خود امریکی فوج تھی۔
پینٹاگون نے اس حوالے سے سامنے آنے والی ابتدائی رپورٹ کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے تاکہ واقعے کے تمام حقائق کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔
واضح رہے کہ میناب اسکول پر حملے کا یہ خوفناک واقعہ رواں سال 28 فروری کو رونما ہوا تھا، جس میں کم عمر طالبات سمیت 168 بچیاں جاں بحق ہو گئی تھیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


