کوئٹہ (05 مارچ 2026): وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ایران پر امریکی اسرائیلی حملوں کے درمیان 37 سفارتکاروں سمیت 1979 افراد براستہ تافتان پاکستان میں داخل ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران میں جاری کشیدہ صورت حال کے پیش نظر حکومت بلوچستان کی تمام متعلقہ مشینری مکمل طور پر الرٹ ہے، پاکستان۔ایران سرحد کے راستے پاکستانی شہریوں سمیت غیر ملکیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا تفتان بارڈر پر آنے والے تمام افراد کو ہر ممکن سہولیات اور ضروری معاونت فراہم کی جا رہی ہے، اب تک تفتان بارڈر کے ذریعے مجموعی طور پر 1979 افراد پاکستان میں داخل ہو چکے ہیں جن میں 37 سفارتکار بھی شامل ہیں۔
دریں اثنا، ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے ایک بیان میں کہا کہ ایران میں موجود وطن واپسی کے خواہش مند پاکستانی شہری سفارت خانے سے رابطہ کریں، پاکستانی شہری تہران سفارتخانہ یا مشہد اور زاہدان کے قونصل خانوں سے رابطہ کر سکتے ہیں، مدثر ٹیپو نے کہا موجودہ صورت حال کے باعث مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، شہری بروقت رابطہ کریں تاکہ محفوظ اور جلد انخلا ممکن بنایا جا سکے۔
اسرائیل ایران جنگ سے متعلق تمام خبریں یہاں پڑھیں
ایران سے پاکستانیوں کے انخلا اور خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے ایک اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ ایران سے پاکستانیوں کے انخلا کے لیے برادر ملک آذربائیجان کی مدد کے مشکور ہیں، بریفنگ میں بتایا کہ ایران سے پاکستانی بحفاظت وطن واپس پہنچ رہے ہیں، اور آذربائیجان میں پاکستانی سفارتخانہ پوری طرح متحرک ہے۔
منظور احمد اے آر وائی نیوز بلوچستان سے وابستہ سینیئر رپورٹر ہیں


