تہران (01 مارچ 2026): اسرائیل اور امریکی اڈوں پر ایرانی حملے کی چھٹی لہر جاری ہے، سپریم لیڈر خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایران مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنا رہا ہے، پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں موجود 27 امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران نے قبرص میں امریکی و برطانوی فوجی اڈوں پر بھی حملہ کیا۔
آج صبح عراق، دبئی، دوحہ اور عمان میں دھماکے ہوئے، خبر ایجنسی روئٹرز کا کہنا ہے عراق کے اربیل ہوائی اڈے کے قریب زوردار دھماکے ہوئے، اور دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ عراق میں الحریر کے فوجی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ دبئی میں مختلف مقامات میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
جبل علی بندرگاہ کے قریب بھی حملے ہوئے جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی، دبئی میں ڈرون حملے میں 2 افراد زخمی ہوئے۔ القصیص کے رہائشی اور تجارتی علاقوں پر بھی ایران کا میزائل گرا، جس سے آگ لگ گئی، حملہ دن 11 بجے کیا گیا، آگ کی شدت بڑھتی جا رہی ہے، پام جمیرہ اور بحرین کی فلک بوس عمارت پر ایرانی میزائل گرے۔
دبئی کے مشہور برج العرب ہوٹل میں خودکش ڈرون ٹکرانے کے بعد آگ لگ گئی، متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ایران نے 137 میزائل اور 209 ڈرون داغے۔ الجزیرہ کا کہنا ہے دوحہ میں 11 دھماکے ہوئے۔ صنعتی علاقے میں میزائل کا ملبہ گرنے سے آگ لگ گئی۔ ایران نے عمان کی بندرگاہ پر بھی ڈرون فائر کیے، بندرگاہ پر موجود آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، جس سے 4 میرینز اہلکار زخمی ہوئے۔
ایران کے جوابی حملوں نے مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک بشمول قطر، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، اردن، سعودی عرب اور عراق میں اسرائیل اور امریکی اثاثوں کو نشانہ بنایا ہے۔ حملوں کے تبادلے کے درمیان خطے کے کئی ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تمام خبریں یہاں پڑھیں
ایرانی جنرل اسٹاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کو پچھتانے پر مجبور کر دیں گے، دشمنوں کے ہتھیار ڈالنے تک خامنہ ای کی راہ پر گامزن رہیں گے۔
دوسری طرف عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے ایران پر حملوں کی نئی لہر میں 30 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا ہے، اسرائیلی فوج نے کہا لڑاکا طیاروں سے مغربی اور وسطی ایران میں 30 سے زائد اہداف پر حملے کیے گئے ہیں، جن میں بیلسٹک میزائل سسٹم اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


