تل ابیب : ایران نے جنگ کے آٹھویں روز اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی ، جس کے بعد تل ابیب دھماکوں سےگونج اٹھا۔
تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ شدت اختیار کر گئی ہے۔ ایران نے ‘وعدہ صادق 4’ کے تحت اسرائیل پر میزائلوں کے وسیع تر حملے کیے ہیں۔
ایرانی حملوں کے بعد اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب، یروشلم، وسطی و جنوبی اسرائیل، مغربی کنارہ اور غزہ بارڈر کے علاقوں میں خطرے کے سائرن گونج اٹھے۔
عرب میڈیا کے مطابق تل ابیب میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
اسرائیلی فوج نے نئے ایرانی میزائلوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ڈیفنس سسٹم حملوں کو ناکارہ بنا رہا ہے، تاہم کئی مقامات پر اہداف کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ‘وعدہ صادق 4’ کی 24 ویں لہر کے میزائل حملوں کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔
ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ اس لہر میں تل ابیب کے اندر متعین فوجی اور اسٹریٹجک اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس سے قبل عالمی خبر رساں ادارے ‘بلوم برگ’ نے ایک سنسنی خیز رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایران نے اردن کے ‘موافق السلطی ایئر بیس’ پر موجود امریکی میزائل دفاعی نظام کے اہم ترین ریڈار کو تباہ کر دیا ہے، اس جدید ریڈار سسٹم کی قیمت تقریباً 30 کروڑ ڈالر تھی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


