(25 مارچ 2026): ایران جنگ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے پیدا توانائی کے عالمی بحران کے باعث ایک ایشیائی ملک نے سال بھر کے لیے قومی ایمرجنسی نافذ کر دی۔
28 فروری سے جاری ایران جنگ اور مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال سے پیدا ہونے والے توانائی کے بحران نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور ہر ملک اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مذکورہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے جنوب مشرقی ایشیائی ملک فلپائن نے سال بھر کے لیے ملک میں قومی انرجی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
یہ اعلان فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر کی جانب سے کیا گیا، ان کا کہنا ہے کہ ملک کو توانائی کی دستیابی اور استحکام کا خطرہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے فلپائن نے فوری طور پر روس سے ایک لاکھ ٹن خام تیل خریدنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
دوسری جانب بھارت میں پٹرول اور گیس کا سنگین بحران پیدا ہو گیا ہے اور لوگوں کی پمپس پر قطاریں لگ گئی ہیں، اسی طرح کمبوڈیا میں بھی پٹرول پمپس پر طویل قطاریں لگ رہی ہیں۔
بنگلہ دیش میں جیٹ فیول کی قیمت میں 79 فیصد اضافہ ہوگیا ہے اور وہاں مارچ میں دوسری بار قیمت بڑھائی گئی۔
ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تمام خبریں
جنوبی کوریا نے توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے 16 ارب ڈالر کے بجٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ نیوزی لینڈ میں ایندھن کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


