اسلام آباد : شہباز شریف اور محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین علاقائی کشیدگی کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے بعض خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوسناک حملوں کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن کے لیے انتہائی خطرناک ہیں اور صورتحال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔
شہباز شریف نے سعودی قیادت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس نازک وقت میں سعودی عرب اور برادر خلیجی ممالک کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بہن بھائیوں کا ساتھ دے گا۔
اسرائیل نے ایران پر حملہ کر دیا
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
آخر میں وزیراعظم نے دعا کی کہ رمضان المبارک کی برکتیں پورے خطے میں سکون اور استحکام کا باعث بنیں۔


