تہران (10 مئی 2026): ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنے شہریوں سے توانائی کے استعمال میں بچت کی اپیل کر دی ہے۔
ایرانی نیوز ایجنسی "ارنا” کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنے ملک کے شہریوں سے توانائی کے استعمال میں بچت کی اپیل کی ہے اور یہ اپیل اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکا بندی کو ایک ماہ ہونے والا ہے۔
حکومتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کے دوران ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد محض ایک تکنیکی اقدام پر عمل درآمد کرنا نہیں ہے بلکہ توانائی کی کھپت کو کم کرنے اور ملک کی صلاحیتوں کے بہترین استعمال میں لانے کے لیے ایک عوامی ثقافت قائم کرنا ہے۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ کھپت کے پیٹرن کی اصلاح کے لیے ملک بھر میں عوامی تحرک ضروری ہے۔
اس سے قبل ایرانی صدر نے گزشتہ ماہ 25 اپریل کو اپنے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ بجلی کے استعمال میں کمی لائیں کیونکہ امریکی اور اسرائیلی حملوں نے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف بجلی کی کھپت کو کنٹرول کرنا ہے۔ اگر ہم گھر میں 10 بلب جلانے کے بجائے، صرف دو پر اکتفا کرتے ہیں، تو اس میں کیا برائی ہے؟
واضح رہے کہ جہاں ایک طرف ایران نے آبنائے ہرمز سے غیر ایرانی جہازوں کے گزرنے پر بڑی حد تک پابندی لگا رکھی ہے تو دوسری جانب امریکا نے 13 اپریل سے ایرانی بحری جہازوں اور بندرگاہوں کی ناکا بندی کر رکھی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


