چین کی ثالثی سے سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد پہلی بار ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ابراہیم رئیسی اور محمد بن سلمان نے اسرائیل اور فلسطین کے مابین جنگ پر تبادلہ خیال کیا اور فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔
محمد بن سلمان نے ایرانی صدر کو آگاہ کیا کہ سعودی عرب جاری کشیدگی کو روکنے کیلیے تمام بین الاقوامی اور علاقائی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کیلیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔
سعودی ولی عہد نے ابراہیم رئسی کو بتایا کہ سعودی عرب جنگ میں معصوم فلسطینی شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کی مخالفت کرتا ہے۔
ایران اور سعودی عرب رواں سال مارچ میں سات سال سے منقطع سفارتی تعلقات کو بحال کرنے پر راضی ہوئے۔ اس کیلیے چین نے ثالثی کیلیے کردار ادا کیا۔
اسرائیل اور فلسطینیوں کی مزاحمتی تنظیم حماس میں جنگ جاری ہے۔ اسرائیل کو یورپی یونین، برطانیہ اور امریکا کی بھرپور سپورٹ حاصل ہے۔
ایرانی صدر اور سعودی ولی عہد میں رابطے کے بارے میں ایک امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر اہلکار نے کہا کہ امریکا سعودی رہنماؤں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔