اسلام آباد (10 جنوری 2026): ایرانی سفیر نے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافے پر تاجروں، کاروباری حلقوں کے پرامن احتجاج کو حکومت نے تسلیم کیا ہے۔
پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایران کی صورت حال پر اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اضافے پر تاجروں اور کاروباری حلقوں کے پرامن احتجاج کو حکومت نے تسلیم کیا، لیکن بعض فسادی اور غیر ملکی اثرات کے حامل عناصر نے پرامن مظاہروں کا غلط فائدہ اٹھایا۔
رضا امیری نے کہا فسادی عناصر نے بازار، رہائشی علاقوں اور حکومتی اداروں پر حملے کیے، فسادی عناصر نے احتجاج کو انتشار میں تبدیل کرنے کی کوشش کی، ایران کا واضح پیغام ہے کہ انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا جائے گا۔
ایران میں پاکستانی شہریوں کی سہولت کیلیے کرائسز مینجمنٹ یونٹ قائم
دوسری طرف تہران میں پاکستانی سفارت خانے نے شہریوں کے لیے کرائسز منیجمنٹ یونٹ قائم کر دیا ہے، پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا شہری کرائسز منیجمنٹ یونٹ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے پانچ رابطہ نمبرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں، یہ نمبر چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے، سفارت خانے کے سوشل میڈیا پر بھی کرائسز منیجمنٹ یونٹ کی تفصیلات جاری کی گئیں ہیں۔


