بدھ, اگست 19, 2026
اشتہار

ایران میں مظاہرے، پاسداران انقلاب نے وارننگ دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

تہران (10 جنوری 2026): ایران میں جاری احتجاجی مظاہروں کے پیشِ نظر پاسداران انقلاب نے وارننگ دی ہے کہ ملکی سلامتی کا تحفظ ریڈ لائن ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کی سلامتی کا تحفظ ریڈ لائن ہے اور سرکاری املاک کی حفاظت کا عہد کرتے ہیں۔

پاسداران انقلاب کا مذکورہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی قیادت کو دی گئی وارننگ اور ہفتے کے روز امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا ایران کے بہادر عوام کی حمایت کرتا ہے۔

ایران میں گزشتہ رات بھی بدامنی کا سلسلہ جاری رہا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق تہران کے مغرب میں واقع شہر کرج میں ایک بلدیاتی عمارت کو آگ لگا دی گئی جس کا ذمہ دار ’فسادیوں‘ کو ٹھہرایا گیا۔

سرکاری ٹی وی نے شیراز، قم اور ہمدان جیسے شہروں میں احتجاجی مظاہروں کے دوران جاں بحق ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے جنازوں کے مناظر بھی نشر کیے۔

ملک کے سرکاری ٹی وی سے نشر ہونے والے ایک بیان میں پاسداران انقلاب نے کہا کہ دہشتگردوں نے گزشتہ دو راتوں کے دوران فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اڈوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد شہری اور سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے جبکہ املاک کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 1979 کے اسلامی انقلاب کی کامیابیوں کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا سرخ لکیر ہے اور موجودہ صورتحال کا تسلسل ناقابل قبول ہے۔

ایرانی فوج، جو پاسداران انقلاب سے الگ کام کرتی ہے، نے اعلان کیا کہ وہ قومی مفادات، ملک کے اسٹریٹجک انفراسٹرکچر اور عوامی املاک کی حفاظت اور نگہبانی کرے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں