واشنگٹن : امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے امریکی حملوں کے باوجود ایران کے پاس اب بھی 70 فیصد بیلسٹک میزائل اور 75 فیصد موبائل لانچرز محفوظ ہونے کا انکشاف کیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار ‘واشنگٹن پوسٹ’ نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے تابڑ توڑ حملوں کے باوجود وہ اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے اور ایران کی فوجی طاقت کا ایک بڑا حصہ اب بھی مکمل طور پر محفوظ ہے۔
اخبار نے سی آئی اے کی ایک خفیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ایران اپنے سترفیصد بیلسٹک میزائل اورپچھتر فیصد موبائل لانچرزمحفوظ رکھنے میں کامیاب رہا۔
ایران نے اپنی ان زیر زمین میزائل ذخیرہ گاہوں کو دوبارہ فعال کر دیا ہے جنہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
رپورٹ میں امریکی انتظامیہ کو خبردار کیا گیا ہے کہ ایران کم از کم چار ماہ تک کسی بھی قسم کی امریکی ناکہ بندی کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس سے قبل یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ ایران کی دفاعی صلاحیت جلد کمزور پڑ جائے گی، تاہم تازہ ترین انٹیلیجنس رپورٹس نے ان اندازوں کو غلط ثابت کر دیا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق حملوں کے آغاز سے پہلے ایران کے پاس ڈھائی ہزار (2500) سے زائد بیلسٹک میزائل موجود تھے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں غیر مسلح اور مسلح ڈرونز کا ایک بڑا ذخیرہ تھا۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے موبائل لانچرز کا تحفظ اور زیر زمین تنصیبات کو دوبارہ فعال کرنا اس بات کی علامت ہے کہ ایران نے اپنی دفاعی حکمت عملی کو انتہائی جدید اور محفوظ خطوط پر استوار کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے فضائی حملوں کے ذریعے اسے مکمل طور پر غیر مسلح کرنا تقریباً ناممکن نظر آ رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


