تہران: ایران نے فلسطینیوں کے جائز دفاع کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیل کو خطے کے امن کیلیے بڑا خطرہ قرار دے دیا۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے فلسطینیوں کی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسلامک جہاد کے رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
اس دوران ابراہیم رئیسی نے کہا کہ فلسطینی قوم کے جائز دفاع کی حمایت کرتے ہیں، صیہونی ریاست اور اس کے حمایتی خطے میں عدم استحکام کے ذمہ دار ہیں۔
گزشتہ روز ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران فلسطین کی آزادی تک اسرائیل پر حماس کے حملے کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا تھا کہ ہم حماس کے قابل فخر آپریشن کی حمایت کرتے ہیں، آپریشن کے دوران مزاحمت نے اب تک شاندار فتوحات حاصل کی ہیں، صہیونیوں کے خلاف فلسطینی عوام کی جدوجہد کی تاریخ ایک روشن مقام ہے۔
دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر یحییٰ رحیم صفری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل پر میزائل حملے کیلیے حماس مبارکباد کے قابل ہے۔
یحییٰ رحیم صفری کا کہنا تھا کہ حماس کے اسرائیل پر بڑے حملے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، فلسطین کی آزادی تک فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، فلسطینی گروپ حماس کا اسرائیل پر حملہ انتہائی حیران کن اور پھیلا ہوا تھا۔