تہران(18 اکتوبر 2025): ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ ایران صہیونی حکومت کے علاوہ تمام ممالک کے ساتھ مذاکرات کے لیے ہروقت تیار ہے۔
نائب صدر محمد رضا عارف نے کاروباری افراد سے ملاقات کے دوران کہا کہ ہم نے امریکا سے بھی مذاکرات کیے، لیکن انہوں نے بات چیت کے دوران ہی ہمارے ملک پر حملہ کر دیا، ہم مذاکرات کے حامی ہیں، لیکن غیر منصفانہ مطالبات کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، ہماری قوم بھی ایسے مطالبات کو قبول نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کہتا ہے کہ ایران کو مذاکرات سے پہلے اس کی شرائط ماننی ہوں گی ہم اس انداز میں گفتگو کو تسلیم نہیں کرتے، اور ایران مذاکرات کیلئے تیار ہے لیکن ضرورت سے زیادہ مطالبات تسلیم نہیں کرے گا۔
عارف نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسانی حقوق اور مکالمے کی حمایت کا دعوی کرتا ہے، لیکن مذاکرات کے دوران حملے کرکے ایران کو جھکانے کی کوشش کرتا ہے۔ اس کے مقابلے میں ایرانی عوام میدان میں آئے اور ثابت کردیا کہ وہ کبھی ہار نہیں مانیں گے۔
گزشتہ ہفتے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ امریکا یا یورپ کے ساتھ مذاکرات کی کوئی درخواست یا تجویز موجود نہیں، تاہم ایران ہر ایسے منصفانہ، متوازن اور معقول تجویز پر غور کرنے کے لیے تیار ہے جو باہمی احترام اور مساوات کی بنیاد پر ہو اور ایرانی عوام کے مفادات کا تحفظ کرے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


