تہران: امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کردہ جنگ کے بعد ایران کی جانب سے بھی سخت جوابی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، ایران نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت 33 ویں لہر کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے تل ابیب پر ایک ٹن وار ہیڈ والے خیبرشکن میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ 33 ویں لہرکا نام لبیک یاخامنہ ای سے منسوب کیا گیا ہے، تل ابیب کو ایک ٹن وار ہیڈ والے خیبرشکن میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ آپریشن کے تسلسل میں امریکی بحریہ کے پانچویں اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ تمام خیبرشکن میزائلوں نے مقررہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب امریکا کی جانب سے ایران پر مسلط کردہ جنگ کے دوران اپنے ساتویں فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی فوجی یکم مارچ کو ایران کی جانب سے سعودی عرب میں امریکی فوجی اڈے پر حملے میں زخمی ہوا تھا جو بعد میں ہلاک ہوگیا۔
ایران میں اسکول پر حملہ جنگی جرم ہے، ہیومن رائٹس واچ کا تحقیقات کا مطالبہ
رپورٹس کے مطابق امریکا کا کہنا ہے کہ اس مرنے والے امریکی فوجی کی شناخت اس کے رشتے داروں کو اطلاع تک خفیہ رکھی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


