پیر, جون 8, 2026
اشتہار

ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے حتمی نکات کا اعلان جلد متوقع ہے ، العربیہ کا دعویٰ

اشتہار

حیرت انگیز

معروف عرب میڈیا "العربیہ” نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے حتمی نکات کا اعلان جلد متوقع ہے اور پاکستان سےاہم شخصیت کے ایران پہنچنے کا بھی امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ اور عالمی امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کوششیں رنگ لانے لگیں، معروف عرب میڈیا "العربیہ” نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ایران اور امریکہ کے درمیان ایک ممکنہ معاہدے کے حتمی نکات کا اعلان جلد متوقع ہے، جس کے لیے معاہدے کے بنیادی متن کو حتمی شکل دینے کا کام تیزی سے جاری ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ معاہدے کے حتمی نکات اور خدوخال کے باقاعدہ اعلان کے موقع پر پاکستان سے ایک انتہائی اہم اور مقتدر شخصیت کے ایران پہنچنے کا قوی امکان ہے، جن کی موجودگی میں اس ڈیل کو باقاعدہ شکل دی جائے گی۔

العربیہ کا کہنا ہے کہ رواں حج سیزن کے فوراً بعد اس ممکنہ امریکا ایران معاہدے کے حتمی اور تزویراتی نکات پر تفصیلی مذاکرات کا اگلا اور نیا دور پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جو خطے کی سیاست میں اسلام آباد کے مرکزی کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

اس سے قبل ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس اہم سفارتی پیش رفت پر گفتگو کرتے ہوئے واضح طور پر کہا "پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کے تحت مذاکرات کا عمل مثبت انداز میں جاری ہے۔ تاہم، ہم اس وقت بین الاقوامی میز پر جس بھی چیز کا تقاضا کر رہے ہیں، وہ ہمارا محض کوئی مطالبہ نہیں بلکہ ایران کا اصولی اور قانونی حق ہے۔”

بین الاقوامی دفاعی و سیاسی مبصرین کے مطابق، تہران اور واشنگٹن کو ایک میز پر لانے اور اسلام آباد کو مذاکرات کے اگلے دور کے لیے مرکز بنانے کا فیصلہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے، تو یہ نہ صرف مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بادلوں کو چھانٹنے میں مددگار ہوگا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی قد کاٹھ میں بے پناہ اضافہ کرے گا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں