تہران (14 مارچ 2026): ایرانی میڈیا کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ ایران کی بحریہ نے ابوظہبی اور بحرین میں امریکی افواج پر حملے کیے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نیوی کے ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے خطے کے 3 فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے بتایا کہ ابوظہبی کے الظفرہ اور بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر حملے کیے، ایرانی حملوں میں پیٹریاٹ ریڈار سسٹمز، طیاروں اور فیول اسٹوریج ٹینکس کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے آج ایران کے 9 بیلسٹک میزائل اور 33 ڈرون تباہ کر دیے۔
وزارت دفاع کے مطابق ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک 294 بیلسٹک میزائل مار گرائے جا چکے ہیں، یو اے ای فضائی دفاع نے 15 کروز میزائل اور 1600 ڈرون بھی تباہ کیے۔
واضح رہے کہ چند گھنٹے قبل جزیرہ خارگ پر امریکی حملوں کے بعد ایران نے یو اے ای کو جوابی کارروائی سے آگاہ کیا تھا اور پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں قائم امریکی ٹھکانے ان کے جائز اہداف ہیں۔
پاسداران انقلاب نے کہا تھا کہ اماراتی بندرگاہوں اور شہروں میں چھپے امریکی فوجیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا ہمارا قانونی حق ہے، اماراتی شہری بندرگاہوں، ڈاکس اور امریکی فوجی علاقوں کو فوری خالی کر دیں۔
اس کا کہنا تھا کہ جہاں سے امریکی میزائل آئیں گے اس جگہ کو دفاعی حق کے تحت نشانہ بنائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


