تازہ ترین
- ایرانی صدر نے خطے کے عوام سے معافی مانگ لی
- تل ابیب اور بیرشیبا پر میزائل فائر، اردن کے موفق السطی ایئربیس پر میزائل حملے
- یو اے ای فضائی دفاعی نظام نے آج 17 بیلسٹک میزائلوں کی نشان دہی کی
- برطانیہ میں ایرانی سفیر نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ حملوں میں شامل نہ ہو
- سپریم لیڈر کے لیے مجتبیٰ خامنہ ای کے نام پر اتفاق ہو گیا، روئٹرز کا دعویٰ
تہران (08 مارچ 2026): ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے حالیہ بحران کی وجہ سے خطے کے عوام کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت کی ہے، اور خطے کے ممالک کو امریکی اور اسرائیلی سازشوں کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی۔
مسعود پزشکیان نے کہا کسی ملک سے جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر حملہ ہوا تو ایران خاموش نہیں رہے گا، ایران کسی غنڈہ گردی، ظلم یا جارحیت کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرے گا، امریکی صدر ٹرمپ نے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے، ایرانی قوم دشمنوں کے خلاف متحد ہے، اور ملکی سرزمین کا ایک انچ بھی کسی کو نہیں لینے دیں گے۔
تل ابیب اور بیرشیبا پر پاسداران انقلاب نے ایرانی میزائلوں سے اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اردن کے موفق السلطي ایئر بیس پر متعدد میزائل حملے کیے گئے، جو کہ امریکی طیاروں کا سب سے بڑا اور فعال مرکز ہے، اردن کے شہر ازرق میں ایئر بیس کو کئی مرتبہ نشانہ بنایا گیا، پاسداران نے کہا ہے کہ آئندہ حملوں کی شدت اور دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔
پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے 28 ویں مرحلے کا آغاز کر دیا ہے، اور تازہ حملوں میں نئی نسل کے جدید ترین میزائلوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
یو اے ای وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے آج 17 بیلسٹک میزائلوں کی نشان دہی کی، جن میں سے 16 کو تباہ کر دیا گیا جب کہ ایک سمندر میں گرا، 117 ڈرونز ڈی ٹیکٹ کیے گئے جن میں سے 113 کو مار گرایا گیا جب کہ 4 ریاستی حدود میں گرے، مجموعی طور پر اب تک یو اے ای پر داغے گئے 238 بیلسٹک میزائلوں کا سراغ لگایا جا چکا ہے، جن میں سے 221 تباہ کیے گئے، 15 سمندر میں گرے اور 2 یو اے ای کی حدود میں گرے۔
اسرائیل ایران جنگ سے متعلق تمام خبریں یہاں پڑھیں
وزارت دفاع کے مطابق ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک 1422 ڈرونز کا سراغ لگایا گیا، جن میں سے 1342 کو مار گرایا گیا جب کہ 80 یو اے ای کے اندر گرے، یو اے ای فضائی دفاعی نظام نے 8 کروزمیزائل بھی تباہ کیے۔
برطانیہ میں ایران کے سفیر سید علی موسوی نے ایک انٹرویو میں خبردار کیا ہے کہ اگر برطانیہ ایران پر حملوں میں شامل ہوتا ہے تو تہران کو دفاع کا حق حاصل ہوگا، امید ہے برطانوی حکومت اپنے اقدامات میں انتہائی احتیاط سے کام لے گی اور عراق پر 2003 کے حملے سے سبق سیکھا ہوگا۔
ایران کے نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کر لیا گیا ہے، ایرانی میڈیا کے مطابق رکن مجلسِ خبرگان عالم الہدیٰ نے کہا ہے کہ نئے سپریم لیڈر کے نام کا اعلان سیکرٹریٹ کے سربراہ حسینی بوشہری کریں گے۔ روئٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ سپریم لیڈر کے لیے مجتبیٰ خامنہ ای کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے۔
جب کہ اسرائیلی فورسز نے کہا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای کے ہر جانشین پر نظر ہے، ہر اس شخص کا پیچھا کریں گے جو خامنہ ای کا جانشین ہوگا۔
لبنان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک میں اسرائیلی حملوں میں 394 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 83 بچے بھی شامل ہیں جب کہ 1130 زخمی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


