اسلام آباد : ایران امریکا مذاکرات کے پیش نظر سیکورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ، شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم ٹرانزٹ پوائنٹس پر کڑی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے انتہائی اہم امن مذاکرات کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے انتہائی سخت کر دیا گیا ہے۔
ذرائع پولیس، رینجرز، سی ٹی ڈی اور انٹیلیجنس اداروں کا مشترکہ سیکیورٹی فریم ورک فعال کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مشکوک عناصر کی بیخ کنی کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد کے علاقوں سبزی منڈی، فیض آباد، ترنول، شہزاد ٹاؤن اور کراچی کمپنی کے اطراف میں گھر گھر تلاشی لی گئی۔
دوسری جانب راولپنڈی ریجن میں ٹیکسلا، مری، جہلم اور اٹک کے مختلف علاقوں میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرینڈ آپریشنز کیے۔
نور خان ایئر بیس اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم ٹرانزٹ پوائنٹس پر کڑی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام حساس تنصیبات اور رہائشی آبادیوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ بین الاقوامی وفود کی آمد کے دوران امن و امان کی صورتحال کو مثالی بنایا جا سکے۔


