ہفتہ, جون 13, 2026
اشتہار

ایران نے فرانس اور برطانیہ کو خبردار کر دیا!

اشتہار

حیرت انگیز

ایران نے فرانس اور برطانیہ کو آبنائے ہرمز میں کسی بھی آپریشن سے خبردار کر دیا۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ نے دوٹوک پیغام دیا ہے کہ فرانسیسی اور برطانوی جنگی جہازوں کی موجودگی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آبنائےہرمز کے اطراف جنگی بحری جہازوں کی تعیناتی بحران میں اضافہ کرتی ہے سمندری راستوں کا تحفظ طاقت کے مظاہرے سے ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز پر خودمختاری اور قانونی انتظامات طے کرنا ایران کا حق ہے۔

پاسداران انقلاب

پاسدارانِ انقلاب کے ایرو اسپیس کمانڈر ماجد موسوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے میزائل اور ڈرونز خطے میں امریکی اہداف اور کسی بھی جارح دشمن کے بحری جہازوں کو تباہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کے تمام اہم اہداف کو ‘لاک’ کر دیا گیا ہے اور ہماری افواج صرف اعلیٰ قیادت کے حکم کا انتظار کر رہی ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور ایران اپنی معاشی اور دفاعی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائے گا۔

دوسری جانب ایران کی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل اکرمی نیا نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی ممالک امریکا کی ایران پر عائد پابندیوں کو نافذ کریں گے، انہیں آبنائے ہرمز سے گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق بریگیڈیئر جنرل اکرمی نیا نے کہا کہ جنگ میں دشمن اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہوا اور ایرانی نظام کے سیاسی توازن کو بھی نقصان نہیں پہنچا بلکہ ملک کے اندر اتحاد اور یکجہتی میں اضافہ ہوا ہے، جس کا مظاہرہ آج بھی عوام کی سڑکوں پر موجودگی سے دیکھا جا سکتا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل اکرمی نیا کا کہنا تھا دشمن نے دیکھ لیا کہ وہ اس مزاحمت کو توڑنے میں ناکام رہا، اور آخرکار اسے جنگ بندی قبول کرنا پڑی۔

ترجمان ایرانی فوج نے یہ بھی کہا کہ امریکا سے جاری جنگ بندی کے دوران ایران نے اپنی فوجی قوت اور صلاحیتوں کو مزید مضبوط کیا، ممکنہ اہداف کی فہرست کو اپ ڈیٹ کیا اور اپنی دفاعی و جارحانہ پوزیشنوں کو مزید بہتر بنایا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں