ایران کی جانب سے فرانسیسی جیل سے ایرانی طالب علم مہدیہ اسفندیاری کی مشروط رہائی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بغائی نے کہا ہے کہ ایرانی طالبہ مہدیہ اسفندیاری کی مکمل رہائی کیلئے کوشش کریں گے۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایرانی طالبہ مہدیہ اسفندیاری فرانس کے شہر لیون میں رہائش پذیر ہیں اور اس سال سوشل میڈیا پر اسرائیل مخالف پوسٹ پر انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ایران نے الزام عائد کیا تھا کہ فرانس نے ایرانی طالبہ کو بلاجواز گرفتار کرلیا ہے۔
دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد پاکپور نے ایران پر میلی آنکھ اٹھانے والوں کو خبردار کردیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد پاکپور نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کی خودمختاری یا سلامتی پر کوئی حملہ کیا گیا تو ایران بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔
عراقی قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو ہم دشمن کے سامنے جہنم کے دروازے کھول دیں گے۔
فرانسیسی صدر کا غزہ سے متعلق اسرائیل سے اہم مطالبہ
جنرل پاکپور نے 12 روزہ جنگ کے دوران ایران کی دفاعی صلاحیت اور عوامی اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمن نے ایران کے میزائل سسٹم کو کمزور سمجھا، لیکن ایران نے بھرپور طاقت کے ساتھ دشمن کے اہداف کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے ایرانی کمانڈروں کو نشانہ بنانے اور داخلی انتشار پھیلانے کی کوششیں ناکام ہوئیں، جس کا سہرا رہبر معظم انقلاب اور عوام کی ہوشیاری کو جاتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


