منگل, اپریل 14, 2026
اشتہار

ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت: ایران نے اقوام متحدہ کو خط میں کیا لکھا؟

اشتہار

حیرت انگیز

تہران(2 مارچ 2026): ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے رہبرِ انقلابِ اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے ارکان کو ایک باضابطہ مراسلہ ارسال کیا ہے۔

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کو لکھے گئے خط میں خبردار کیا ہے کہ اس حملے کے ذمہ داروں کو "انتہائی گہرے اور دور رس نتائج” کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی وزیرِ خارجہ نے اپنے خط میں واضح کیا کہ ہفتے کے روز ایرانی سرزمین پر ہونے والا حملہ اسرائیل اور امریکا کی غیر اشتعال انگیز جارحیت کا حصہ تھا۔

انہوں نے زور دیا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای نہ صرف ایران کی اعلیٰ ترین سرکاری شخصیت تھے بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے لیے ایک محترم مذہبی پیشوا بھی تھے، اس لیے ان پر حملے کی تمام تر ذمہ داری خصوصی طور پر حملہ آوروں پر عائد ہوتی ہے۔

عباس عراقچی نے اس واقعے کو "ہولناک اور مجرمانہ فعل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اسرائیلی حکومت نے دانستہ طور پر اقوام متحدہ کے ایک آزاد رکن ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نشانہ بنایا ہے۔

ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تمام خبریں یہاں پڑھیں

انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر اس بزدلانہ دہشت گردی پر عالمی سطح پر فیصلہ کن ردعمل نہ دیا گیا تو یہ عالمی قانونی نظام کی بنیادوں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچائے گا۔

خط میں مزید کہا گیا کہ یہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 2(4) اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، جو ریاستوں کی خودمختاری اور سربراہانِ مملکت کے تحفظ کے اصولوں پر براہِ راست حملہ ہے۔

ایرانی وزیرِ خارجہ نے واضح کیا کہ ایران اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنی خودمختاری اور عوام کے دفاع کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔

ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ اس مجرمانہ فعل کی منصوبہ بندی اور حکم دینے والے تمام افراد بشمول امریکی صدر اور اسرائیلی وزیرِ اعظم کا انفرادی طور پر محاسبہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ اس تازہ جارحیت کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے خطے میں موجود متعدد امریکی اور اسرائیلی اہداف پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں