تہران (13 جنوری 2026): ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ امریکا نے اگر دوبارہ حملہ کیا تو ایران کی فوج ٹرمپ کو نا قابل فراموش سبق سکھائے گی۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے تہران میں حکومت کے حق میں نکالی جانے والی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آج سے اعلان جنگ ہے، دشمن کبھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیالی دنیا میں رہنے والے ٹرمپ آپ سے جو جھوٹ بولے جا رہے ہیں اُن پر یقین نہ کریں۔ اگر امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو ایران کی فوج صدر ٹرمپ کو ناقابل فراموش سبق سکھائے گی، اور خطے میں موجود تمام امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔
ایرانی اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ ایران چار محاذوں پر جنگ لڑ رہا ہے۔ ان میں اقتصادی، نفسیاتی، امریکی اور اسرائیلی مداخلت شامل ہے۔ اب شرپسند عناصر سے بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے عوام کے اتحاد اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس دوران ریلی کے شرکا پر جوش انداز میں امریکا مخالف نعرے لگاتے رہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


