تہران(9 جولائی 2026): ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران بدزبانی کا جواب بدزبانی سے نہیں بلکہ عملی اقدام سے دیتا ہے۔
امریکی صدر کے بیان پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک پیغام میں عباس عراقچی نے کہا کہ مہذب اور بہادر ایرانی قوم کو توہین آمیز زبان میں مخاطب کرنے سے اس کی عظمت کم نہیں ہوتی۔ ایرانی عوام اپنی شائستگی، ثقافت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کے باعث دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم بے خوفی اور غیر معمولی جرأت کے ساتھ عملی اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس سے قبل، ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر ایک بار پھر حملے کا اشارہ دیا تھا۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ہم نے گزشتہ رات انہیں بہت سخت نشانہ بنایا ہے اور غالب امکان ہے کہ آج رات بھی انہیں سخت نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ میں اب ایران سے مزید کوئی ڈیل نہیں کرنا چاہتا، وہ اچھے لوگ نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کے اس بیان سے پہلے بھی امریکا نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر ہونے والے حملوں کو جواز بنا کر ایران پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی انتہائی سنگین حد تک بڑھ چکی ہے۔


